ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں پی ایف آئی کے سابق قومی صدر کے ایم شرف انتقال کرگئے، مرحوم ملی بیداری کا عملی مثالی نمونہ تھے

منگلورو میں پی ایف آئی کے سابق قومی صدر کے ایم شرف انتقال کرگئے، مرحوم ملی بیداری کا عملی مثالی نمونہ تھے

Wed, 23 Dec 2020 19:48:11    S.O. News Service

مینگلور:23؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی ) کے سابق قومی صدر کے ایم شریف (56)پچھلے کچھ دنوں سے علیل رہنےکے بعد منگلورو کے پرائیویٹ اسپتال میں منگل کی دوپہر انتقال کرگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔

پھیپھڑوں ، خون کا دباؤ ، ذیا بطیس جیسی بیماریوں میں مبتلا ہونے سے  کے ایم شریف کو منگلورو کےپرائیویٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مگر وہاں علاج کارگر نہ  ہونےکی وجہ سے اپنے حقیقی مالک سےجاملے۔ پسماندگا ن میں بیوی ، تین بیٹے اور تین بیٹیاں اور رشتہ دار ہیں۔

مشہور ومعروف عالم دین مرحوم متے بائیل عبداللہ حاجی اور نفیسہ کےفرزند ارجمند کے ایم شریف کاجنم  1964 یکم ستمبر کو ہوا تھا۔ بچپن سےہی سماجی خدمات کا جذبہ رکھنے والے شریف کیرلا کی تنظیموں میں سرگرم تھے۔ بی ایس سی کے تعلیم یافتہ شریف نے مشہور عالم دین مرحوم متے بائیل عبدالجبار استاد سے دینی علم حاصل کیا تھا۔

بیرونی ملک میں برسرروزگار کے ایم شریف وہاں سے لوٹ کر منگلورو کے کوڈیابائیل میں زیراکس کی دکان اور ایس ٹی ڈی بوتھ کے ذریعے اپنی زندگی گزارنے لگے۔ اپنی زیراکس کی دکان میں عالمی تاریخ، اسلامی تاریخ اور دیگر اسلامی کتب کا ذخیرہ جمع کرتےہوئے چھوٹا سا کتب خانہ قائم کرتےہوئے عوام میں مطالعہ کا شوق پیدا کیا، انہوں نے  کئی کتابوں کی  بھی تصنیف کی ۔

کرناٹک میں کے ایف ڈی تنظیم قائم ہوئی تو اس کی شروعات میں ہی اس کے ممبر بننے کے بعد ریاستی صدر بھی منتخب ہوئے تھے۔ کے ایف ڈی جب پی ایف آئی کے ساتھ ضم ہوئی تو پی ایف آئی کے ریاستی صدر بنے پھر اس کے بعد قومی صدر کی حیثیت سے بھی عہدہ سنبھالا۔ بہترین مقرر کے طورپر اپنی پہچان رکھنے والے شریف فی الحال پی ایف آئی کے قومی خازن اور مجلس عاملہ کے رکن تھے۔

اقلیتوں اور دلتوں کا اتحاد ،سیاسی طورپر اپنا ایک مخصوص نظریہ رکھنے والے کے ایم شریف نے  سیاسی پارٹی شوشیل ڈیموکرٹیک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی ) کی تشکیل میں اہم کردار نبھایا تھا۔ پی ایف آئی کو شمالی بھار ت تک پھیلانے اور وسعت دینے میں بھی ان کا اہم کردار ہونے کی پی ایف آئی کے ذرائع نے جانکاری دی ہے۔ جہیز کی لعنت سے پاک معاشرے کی تشکیل کو لےکرفولڈرس کی تقسیم سمیت ساحلی پٹی پر کئی ایک پروگراموں کے ذریعے مسلم نوجوانوں میں بیداری پید اکرنے میں صف اول میں شمار کئے جاتے تھے۔

تجہیز و تدفین : پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے سابق قومی صدر کے ایم شریف کی تجہیز و تکفین منگل کی رات 30-10بجے متے بائیل جمعہ مسجد کے قبرستان میں ادا کی گئیں۔ دوپہر تین بجے ان کاجنازہ   بی سی روڈ ،کائی کمبا کے قریب پرلیا میں ان کے آبائی گھر لایا گیا ۔ جہاں ان کے خاندان والوں نے آخری دیدار کیا۔ شام پانچ بجے متے بائیل جمعہ مسجد کے صحن میں عوامی دیدار کے لئے رکھاگیا  اس موقع پر ہزاروں لوگوں نے آخری دیدار کیا۔ رات 10بجے متے بائیل جمعہ مسجد میں نماز جنازہ کے بعد اُسی  قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

معزز شخصیات کی تعزیت : رکن اسمبلی یوٹی قادر، سابق وزیر رماناتھ رائی، سابق رکن اسمبلی محی الدین باوا، پی ایف آئی کے قومی  صدر ایم اے سلام ، جنرل سکریٹری انیس احمد ، قومی مجلس عاملہ کے ممبران محمد علی ، ایس ڈی پی آئی کے لیڈران مجید کوڈلی پیٹے ، اسماعیل محمد تمبے، سی ٹی سلیمان ، یوسف مصباحی ، پی ایف آئی ریاستی صدر ریاض پاشاہ، ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدر عبدالحنان ، یحییٰ تنگل، ضلع پنچایت ممبر چندر پرکاش شٹی  وغیرہ نے گھر پہنچ کر تعزیت کی۔

جماعتوں اور تنظیموں کی  تعزیت: کے ایم شریف ملت کی بیداری کے متعلق ایماندارانہ فکر رکھتے تھے۔انہوں نے  اپنی تنظیم کو نہ صرف ریاستی سطح پر  بلکہ قومی سطح پر وسعت دیتے ہوئے ملت اور معاشرے کے لئے مخلصانہ خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنی زندگی اسی کے لئے قربان کردی ۔ ان کی وفات پراُڈپی  مسلم وکوٹا کے صدر یاسین ملپے نے گہرے  رنج وغم کا اظہارکیا ۔

کرناٹکا غذائی کمیشن کے ممبر محمد علی کمرڈی ، آتور عائشہ ایجوکیشن سوسائٹی کے ناظم امین احسن ، صنعت نوشاد حاجی سرلپاڑی ، ہائی لیانڈ اسلامک فورم کے صدر ساجد اے کے ، جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے امیر حلقہ محمد سعد بیلگامی ، سکریٹری محمد کوئیں، دکشن کنڑا ضلع کے ناظم سعید اسماعیل ، منگلورو علاقہ کے ناظم عبدالسلام اپنگنڈی ، منگلورو شہر کے امیر مقامی کے ایم اشرف سمیت کئی ایک نے ان کی موت پر  گہرے رنج و غم کا اظہار کرتےہوئے ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی ہیں۔


Share: